لندن،یکم جون(ایجنسی) جگر کے کینسر کی سب سے عام قسم ہیپاٹو سیلولر کینسر(ایچ سی سی ) ہے اور کافی میں موجود کئی اہم اجزا جسم کی اہم ترین مشین (جگر) کو اس خطرے سے بچا سکتے ہیں۔ تحقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ اگر کوئی روزانہ 5 کپ کافی پیتا ہے تو اس سے سرطان کا آدھا خطرہ ٹل جاتا ہے لیکن اس کے لئے شرط یہ ہے کہ باقاعدگی سے کافی کا استعمال کیا جائے۔
برٹش میڈیکل جرنل میں برطانیہ کی یونیورسٹی آف ساؤتھ ایمپٹن کے ڈاکٹر اولیور کینیڈی اور ان کی تحقیقی ٹیم کے ساتھیوں کی شائع شدہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر کیفین سے پاک یعنی ڈی کیفینیٹڈ کافی کا
استعمال بھی جاری رکھا جائے تو اس سے بھی جگر کو فائدہ ہوتا ہے۔
ماہرین نے پہلے شائع شدہ ایسی 26 مختلف تحقیقات کا بغور جائزہ لیا جن میں 22 لاکھ 50 ہزار افراد شامل تھے۔ ماہرین نے اس وسیع جائزے میں لوگوں کے کافی پینے کا رحجان اور ایچ سی سی کی شرح معلوم کرنے کی کوشش کی۔ تجزیہ کرنے سے معلوم ہوا کہ جن افراد نے روزانہ 2 کپ کافی پینے کو معمول بنایا ان میں جگر کے سرطان کا خطرہ 20 فیصد کم دیکھا گیا اور جن افراد نے روزانہ کافی کے 5 کپ نوش کئے ان میں یہ شرح 50 فیصد نوٹ کی گئی، مطالعے سے ثابت ہوا کہ روزانہ کافی کا کافی استعمال جگر کے سرطان کے خطرے کو نصف کر سکتا ہے۔